سیکرٹری اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی اُمور خیبر پختونخوا جناب عطاء الرحمان صاحب نے خیبر رنگ ایف ایم 101 پشاور کے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے میزبان روبی خان کے ساتھ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے محکمہ اوقاف کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ گفتگو کے دوران سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات اور وژن کے مطابق محکمہ اوقاف اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ، عبادت گاہوں کی بہتری، فلاحی اقدامات اور معاشی معاونت کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی برادری کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، عبادت گاہوں کی سیکیورٹی و بحالی، اور فلاحی پروگرامز کے ذریعے حکومتی سطح پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں بین المذاہب ہم آہنگی، امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ تمام مذاہب کے ماننے والے باہمی احترام اور رواداری کے ساتھ مل جل کر زندگی گزار سکیں۔ پروگرام کے اختتام پر میزبان روبی خان نے سیکرٹری اوقاف کی شرکت کو سراہتے ہوئے محکمہ اوقاف کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات معاشرے میں مثبت تبدیلی اور ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
